ye dil ab rang dikhlane laga hai
یہ دل اب رنگ دکھلانے لگا ہے
ہمیں یادوں سے بہکانے لگا ہے
چراغِ رہگزر ہوتا ہوا پل
اسی کے نقش چمکانے لگا ہے
سخن کیسا، زمیں کو موسمِ گل
قبا پھولوں کی پہنانے لگا ہے
ہر اک صورت میں گل کانٹا ہے ہم کو
کِھلا ہے یا کہ مرجھانے لگا ہے
وہی جو ابر کی صورت ملا تھا
وہی تو پیاس بھڑکانے لگا ہے
پریشاں تو ہوا ہے سنگدل بھی
کہ اشک آخر جگہ پانے لگا ہے
اڑے گی ریت ساحل پر یقیناً
کہ دریا اس سے کترانے لگا ہے
بچھڑ کر کوئی آسودہ رہا ہے
بکھر کر کوئی پچھتانے لگا ہے
کبھی اک بھول ہم سے بھی ہوئی تھی
ہمیں بھی کوئی یاد آنے لگا ہے
نہیں ہے سعدؔ وہ اپنا نہیں ہے
ہمیں یہ وہم بھی کھانے لگا ہے
٭٭٭
No comments:
Post a Comment